سندھ حکومت نے صوبے میں جزوی لاک ڈاؤن کااعلان کردیا
سندھ حکومت نے صوبے میں جزوی لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا، وزیراعلیٰ سندھ نے جمعرات سے سرکاری دفاتر اور انٹرسٹی بس سروس جبکہ بدھ سے ریسٹورنٹ، شاپنگ مالک، سی ویو اور پبلک پارکس بند کرنے کا اعلان کردیا۔
سندھ میں کرونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 200 کے قریب پہنچ گئی، ملک بھر میں تقریباً 240 مریضوں میں کرونا کی تصدیق ہوچکی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے انتہائی اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔
سندھ حکومت نے صوبہ بھر کے ریسٹورنٹس، شاپنگ مالز، سی ویو اور پبلک پارکس سمیت دیگر تفریحی مقامات کل (بدھ سے) 15 روز کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مزید جانیے : پنجاب میں آج 25 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق
اعلیٰ سطح کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جمعرات سے سرکاری دفاتر اور انٹرسٹی بس سروس بھی بند رہے گی۔ ترجمان سندھ حکومت کے مطابق سبزی، پھلوں اور راشن کی دکانیں کھلی رہیں گے، شاپنگ مالز میں بھی گروسری شاپس کھلی رہیں گی، جبکہ لوگوں کو ہوٹلوں سے کھانا آرڈر کرکے منگوانے کی اجازت ہوگی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ عوام کو گھروں تک محدود رکھنا چاہتے ہيں، وائرس کا مقابلہ کرنے کيلئے پھيلاؤ کو روکنا ہے، اگر وائرس پھيل گيا تو اسپتال کم پڑجائيں گے۔
یہ بھی پڑھیں : سندھ حکومت کا کرونا فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ
اس سے قبل سندھ حکومت نے کرونا وائرس ریلیف فنڈ قائم کرنے کا بھی اعلان کیا تھا، جس میں 3 ارب روپے جمع کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے، وزیراعلیٰ سندھ، صوبائی وزراء، مشیران اور معاونین اپنی پوری تنخواہ فنڈ میں دیں گے۔
کمشنر کراچی نے سندھ حکومت کی ہدایت کی روشنی میں کل سے ریسٹورنٹ، شاپنگ مالز، سینٹرز، مارکیٹس، الیکٹرانکس مارکیٹس، آٹو پارٹس مارکیٹ، کپڑے کی دکانیں، فرنیچر مارکیٹس، چائے کے ہوٹل، سی ویو، پارکس 15 دن کیلئے بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ سبزی، مچھلی مارکیٹ، سپر مارکیٹس، فروٹ مارکیٹ، گوشت، مرغی کی دکانیں، میڈیکل اسٹورز، دودھ کی دکانیں 24 گھنٹے کھلی رکھی جائیں، شہری ہوم ڈلیوری کے ذریعے بھی سامان اور کھانا منگوا سکتے ہیں۔
علامات ظاہر ہونے کی صورت میں ہیلپ لائن پر کال کریں
اگر آپ پر کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہوتی ہیں تو 99203443-021، 99204405-021 پر رابطہ کریں۔ محکمہ صحت کے دفتر میں حکام کال وصول کریں گے اور آپ سے چند بنیادی سوال کرنے کے بعد ایک مخصوص ڈاکٹر سے آپ کا رابطہ کروائیں گے۔
مزید جانیے : کروناوائرس سے دنیا بھر میں مزید 300 سے زائد ہلاکتیں
دوسرے مرحلے میں ڈاکٹر آپ سے مکمل معلومات لینے کے بعد ٹیسٹ کیلئے بلائے گا، اگر ڈاکٹر یہ سمجھے کہ آپ کو ہنگامی مدد کی ضرورت ہے تو محکمہ صحت کی ٹیم فوری آپ کے پاس پہنچ جائے گی۔
جب آپ ڈاکٹر کو کال کریں گے تو وہ آپ سے نام، فیملی نام، ایڈریس، علامات اور ان کی شدت سے متعلق معلومات لیں گے۔ اس کے ساتھ آپ کی ٹریول ہسٹری اور ان لوگوں کی ریول ہسٹری بھی پوچھیں گے جن سے آپ نے حالیہ دنوں میں ملاقات کی ہوگی۔
Publish In Samaa.TV 17 March 2020