کراچی، کچی آبادیوں میں بلند عمارتیں گرانے کا فیصلہ

کراچی، کچی آبادیوں میں بلند عمارتیں گرانے کا فیصلہ

سندھ حکومت نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کراچی بھر کی کچی آبادیوں میں قائم 4 سے زائد منزلہ عمارتیں گرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پہلے مرحلے میں مالکان کو نوٹس اور بعد ازاں آپریشن شروع کیا جائے گا۔
سندھ کے وزیر کچی آبادی مرتضیٰ بلوچ نے کہا ہے کہ کراچی میں خدانخواستہ زلزلہ آگیا تو کچی آبادیوں میں بڑا نقصان ہوسکتا ہے۔ تمام کچی آبادیوں میں قائم بڑی عمارتوں کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کا حکم دیا ہے۔
مرتضیٰ بلوچ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں تمام کچی آبادیوں میں قائم بڑی عمارتوں کے مالکان کو نوٹس جاری کیے جائیں گے اور اس کے بعد محکمہ کچی آبادی، کے ڈی اے، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور پولیس مل کر آپریشن کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے تمام کچی آبادیوں میں قائم 4 سے زائد منزلہ عمارتوں کومسمار کرکے مالک اور ٹھیکیدار کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا جبکہ مزید بڑی عمارتیں بنانے والے مالکان کے خلاف بھی ایکشن ہوگا۔
صوبائی وزیر نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کچی آبادیوں میں بننے والی بڑی عمارتوں میں فلیٹ نہ لیں کیوں کہ 3 منزلوں سے زیادہ بلند عمارتیں غیر قانونی ہیں اور زلزلے کی صورت میں بڑے نقصان کا اندیشہ بھی ہے۔
Publish in Samaa.tv 21 October 2019 

Post a Comment

Previous Post Next Post